شازیہ نذیر
کینیڈا میں میں موسم گرما کا آغاز ہو چکا ہے- یہ الگ بات ہے کہ گرمی کے موسم کا اصلی مزہ آنے سے پہلے ہی سردیوں کی آمد ہوجاتی ہے- جون اور جولائی کے دو مہینوں میں تو دل چاہتا ہے کہ ایک لمحہ بھی ضائع نہ کیا جائے اور سیر و تفریح پر نکلا جائے- موسم گرما بچوں اور خاندان کے ساتھ مثبت وقت گزارنے کا بہترین موقع ہے- اس سال کی گرمی تو ویسے بھی ہم کینیڈین شہریوں کے لئے بہت اہم ہے، کیونکہ ہم نے لگ بھگ سوا سال کووڈ۔ ۱۹ کی وجہ سے گھروں میں بند رہ کرگزارا ہے۔
جب بات گھومنے پھرنے کی ہو تو سب سے پہلے دھیان بجٹ پر جاتا ہے – آئیے میں آپ کو کچھ ایسے طریقے بتاتی ہوں جن کے ذریعے سے آپ کم بجٹ میں بھی سیرو تفریح کر سکتے ہیں۔
اپنے محلے کے ارد گرد کی سیر
سیروتفریح کرنا آپ کا بنیادی حق ہےاوراس کے لیے آپ کو بہت زیادہ رقم کی بھی ضرورت نہیں ہے- اپنے شہر یا قصبے میں کسی علاقے کو دوبارہ دریافت کریں اورنئےزاویےسےاس کا تجربہ کریں- میں نے اپنے بچوں کے ساتھ کچھ ایسی سیر والی پگڈنڈیاں (واکینگ ٹریلز) دریافت کیں جن کے بارے میں ہمیں کچھ علم ہی نہ تھا کہ وہ ہمارے پڑوس میں موجود ہیں- نئی دریافت شدہ جگہ کی سیر کا مزہ ہی الگ ہوتا ہے۔آپ کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کے ہاتھ خزانہ لگ گیا ہو- وہاں آپ فوٹوگرافی کریں، بچوں کے ساتھ چھپن چھپائی کھیلیں یا پودوں اور درختوں کی ساخت پر غور کریں۔ یقین کریں بہت لطف آئے گا-اگر آپ سائیکل چلانا جانتے ہیں تو سیر کا مزہ دوبالا ہو جائے گا۔
ڈرائیو تھرو سیر و تفریح
چونکہ کووڈ ۱۹ کا خطرہ ابھی تک ہمارے سروں پر منڈلا رہا ہے اس لیے کوشش کریں کہ ہجوم والی جگہوں کا انتخاب نہ کیا جائے- سیر و تفریح کے لیے بہت سی جگہیں ایسی ہیں جو کہ گاڑی کے اندر بیٹھ کر بھی انجوائے کی جا سکتی ہیں مثلا ڈرائیو تھرو سینما ، لائن سفاری یا پھر چڑیا گھر۔
گاڑی میں میں نرم کمبل اور چند مزیدار سنیکس ھوں تو فلم دیکھنے کا مزہ آ جائے گا- ایسی تفریحی سرگرمیآپ کے بہت سے پیسے بچا سکتی ہے۔
کیمپنگ
کیمپنگ کے لئے آپ کو بہت دور جانے کی ضرورت نہیں ہے- آپ کے علاقے میں ہی کیمپ سائٹس موجود ہوتی ہیں اور یہ عموما بہت مہنگے نہیں ہوتے- آپ اپنا ٹینٹ اور کھانے پینے کا سامان لے جا کر دو تین دن نیچر کے پاس وقت گزار کر خوب مزے کر سکتے ہیں- اگر آپ دورجانا نہیں چاہتے تو اپنے گھر کے بیک یارڈ میں بھی ٹینٹ لگایا جا سکتا ہے- یقین کریں بچے کیمپنگ کو بہت انجوائے کرتے ہیں- اگر ان کے کچھ دوستوں کو بھی انوائٹ کرلیا جاےٴ تو بچے آپ کے بہت شکر گزار ہوں گے- رات کے وقت تارے گننا اور جگنو دیکھنا ایک دلچسپ تجربہ ہو سکتا ہے۔
لانگ ڈرآئیو
اگر آپ کے ذہن میں کوئی خاص جگہ نہیں ہے تو آپ بچوں کو لے کر بس یا گاڑی میں لمبی سیر کے لئے نکل جائیں- کینیڈا میں بہت خوبصورت گاؤں ہیں اور ان میں گھوڑوں، گائے، بھیڑ بکریوں وغیرہ کے فارم موجود ہیں- وہاں رک کر تصاویر بنا سکتے ہیں-بچے لمبی سیر کو بہت انجوائے کرتے ہیں- راستے میں انہیں آئسکریم، کافی، یا کولڈ ڈرنک لے دیں تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں۔
قریبی پارک میں چہل قدمی
اگر آپ کے پاس کار نہیں ہے اور آپ بس پر بھی نہیں جانا چاہتے تو چند سنیکس پیک کریں اور بچوں کو قریبی پارک میں لے جائیں- پارک میں عموما جھولے لگے ہوتے ہیں اور بچے جھولنا بہت پسند کرتے ہیں- کوشش کریں کہ آپ بچوں کے ساتھ بچے بن جائیں- اپنے فون میں مصروف ہونے کی بجائے اپنے بچوں کے ساتھ کھیلیں کودیں، یقین کریں کہ بچے آپ کے ساتھ گزارا ہوا یہ وقت ہمیشہ یاد رکھیں گے
کبھی پیسے کی کمی کو اپنے اور اپنے بچوں کی سیروتفریح کے درمیان رکاوٹ نہ بننے دیں- جہاں چاہ ہوتی ہے وہاں راہ ہوتی ہے- میں امید کرتی ہوں کہ یہ گرمیوں کا موسم آپ کے لئے بہترین سیروتفریح کے مواقع لیکر آئے اور آپ کو آپ کے بچوں کے ساتھ جوڑے رکھے۔
اگر ٓاپ بھی کوئی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں تو ہمیں اس پتہ پر ای میل کر سکتے ہیں۔
contact@awazcanada.com