کینیڈا میں خوراک کی بڑھتی ہوئی مانگ نئے خدشات کو جنم دے رہی ہے اور اب وینکوور کے ایک مقامی فوڈ بینک نے حال ہی میں فرسٹ ایئر کے غیر ملکی طلبہ کو کھانا دینے سے منع کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گریٹر وینکوور فوڈ بینک نے کھانے کے طلبگاروں کی تعداد میں روز بروز اضافے کو اس کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق چند برسوں میں ان پر بوجھ بڑھا ہے۔
گریٹر وینکوور فوڈ بینک کی کمیونیکیشن منیجر ایما نیلسن نے ای میل کے ذریعے میڈیا کو بتایا کہ موجودہ حکومتی پالیسی کے مطابق غیر ملکی طلبہ کو کینیڈا آنے سے پہلے اپنے ساتھ ’کافی پیسے‘ لانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی ضوابط کے مطابق غیر ملکی طلبہ کے پاس کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے ٹیوشن اور سفری اخراجات کے علاوہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں 20,635 ڈالر ہونا ضروری ہے۔