کینیڈا میں غیر ملکیوں کے گھر خریدنے پر دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس پابندی کا مقصد دنیا میں گھروں کی سب سے زیادہ مہنگی اور ناقابلِ خرید مارکیٹ پر دباؤ کو کم کرنا ہے۔
اس سال موسم گرما تک کینیڈا میں ایک گھر کی اوسط قیمت 7 لاکھ 77 ہزار 200 کینیڈین ڈالر تھی جو کہ کسی متوسط طبقے کے فرد کی ٹیکس کے بعد بچ جانے والی آمدن سے 11 گنا زیادہ ہے۔
کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ اس پابندی سے کینیڈا کی ہاؤسنگ مارکیٹ پر کیا فرق پڑے گا۔
اونٹاریو اور برٹش کولمبیا جہاں قومی شماریات کے مطابق گھروں کی قیمتیں سب سے زیادہ ہیں، وہاں کے رہائشیوں میں غیر ملکی مالک مکان صرف چھ فیصد ہیں۔
یکم جنوری سے اب کینیڈا میں غیر ملکی افراد اور وہ افراد جو کینیڈا کے مستقل رہائشی نہیں، وہاں جائیداد نہیں خرید سکتے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 10 ہزار کینیڈین ڈالر کا جرمانہ کیا جائے گا۔
دسمبر کے آخری دنوں میں اس پابندی کے لاگو ہونے سے محض 11 دن پہلے کینیڈا کی حکومت نے قواعد میں کچھ لوگوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا، جن میں غیر ملکی طلبا جو کم از کم پانچ سال سے ملک میں ہیں، پناہ گزین اور عارضی ورک پرمٹ والے افراد شامل ہیں۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ احمد حسین نے کہا کہ اس پابندی کا مقصد خریداروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے کہ وہ گھروں کو محض ایک جائیداد نہ سمجھیں۔ بلکہ گھر کو ایک خاندان کی پرورش اور رہنے کی جگہ سمجھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اس قانون سازی کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں کہ رہائش گاہ کینیڈا کے شہریوں کی ملکیت ہو، تاکہ اس ملک میں رہنے والے ہر شخص کو فائدہ ہو۔‘
’اگرچہ کینیڈا میں مکانات کی قیمتوں میں 2022 میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے، لیکن یہ اب بھی ایک دہائی پہلے کے مقابلے میں بہت زیادہ ہیں۔‘
سنہ 2013 کے مقابلے میں گذشتہ سال گھروں کی قیمتوں میں 48 فیصد اضافہ ہوا تھا، جب ایک گھر کی اوسط قیمت 5 لاکھ 22 ہزار 951 کینیڈین ڈالر تھی۔ دریں اثنا کینیڈا میں اوسط گھریلو آمدن گھروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے مطابقت نہیں رکھ پائی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2015 سے 2020 کے دوران ٹیکس کے بعد ایک اوسط گھریلو آمدن میں صرف 9.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کینیڈا کی ہاؤسنگ مارکیٹ دنیا میں سب سے زیادہ مہنگی مارکیٹ ہے۔ آن لائن پلیٹ فارم سٹیٹسٹا کے تجزیہ کے مطابق کینیڈا گھر کی قیمت اور آمدن کے تناسب سے نیوزی لینڈ، امریکہ اور برطانیہ کے مقابلے میں مہنگا ملک ہے۔
کینیڈا کے دو بڑے شہروں ٹورانٹو اور وینکوور میں گھر کی اوسط قیمت دس لاکھ کینیڈین ڈالر ہے جو اسے دنیا کے 10 مہنگے ترین شہروں میں شمار کرتی ہے۔
نیوزی لینڈ نے 2018 میں گھروں کے غیر ملکی خریداروں پر پابندی عائد کرنے کے لیے اسی طرح کا قانون منظور کیا تھا کیونکہ ملک عوام کے لیے سستے گھروں کے بحران کا شکار تھا۔ تاہم، پابندی کے نفاذ کے بعد بھی افراط زر کی وجہ سے گھروں کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔
دوسرے ممالک نے گھروں کی غیر ملکی ملکیت کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، اس میں ایسے زونز کا قیام شامل تھا جہاں غیر مقامی افراد کو گھر خریدنے سے روک دیا گیا ہے، یا غیر ملکی خریداروں پر مخصوص فیس لاگو کر دی گئی ہے۔