پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اریج فاطمہ تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود کینیڈا میں کورونا کا شکار ہوگئیں۔
اریج فاطمہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کینیڈا سے کورونا ٹیسٹ کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد رواں ہفتہ بہت ہی مشکل تھا‘۔
اداکارہ نے بتایاکہ’ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے باوجود کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں‘۔
اُنہوں نےخود میں ظاہر ہونے والی بیماری کی علامات کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا کہ’بیماری کا آغاز شدید سر درد سے ہوا جو سارا دن جاری رہا اور پھر اگلے دن ناک بہنا شروع ہوئی‘۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’پہلے دو دن تو اُنہیں لگا کہ یہ ڈسٹ الرجی ہے لیکن پھر کورونا ٹیسٹ کی کمی کی وجہ سےاُنہوں نے کورونا کا ہوم ٹیسٹ کیا جوکہ مثبت آیا تاہم ان کے شوہر عزیر کا کورونا ٹیسٹ منفی تھا‘۔
اریج فاطمہ نے لکھا کہ’اس سے اگلے دن ان کے بیٹے عیسٰی کو بخار ہوگیا اور اُن کا سارا دھیان اگلے تین دن تک بیٹے کی طرف رہا اور پھر اچانک اُن کے شوہر عزیر کو بھی اُن کی وجہ سے کورونا ہوگیا‘۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ’ اُن کی فیملی کے تمام افراد میں کورونا کی علامات ایک دوسرے سے مختلف تھیں، لیکن الحمدللہ اب ہم صحت یاب ہو رہے ہیں‘۔
اریج فاطمہ اپنے شوہر عزیر علی اور بیٹے عیسٰی کے ہمراہ کینیڈا میں اپنے سسرال والوں سے ملنے کے لیےگئی تھیں۔
واضح رہے کہ اریج فاطمہ نے 2014 میں فراز خان نامی ایک بزنس مین سے شادی کی تھی لیکن اُن کی یہ شادی ایک سال بھی نہ چل سکی اور اُن کی طلاق ہوگئی جس کے بعد اُنہوں نے 2017 میں عزیر علی نامی ایک ڈاکٹر سے شادی کی تھی اور اس وقت وہ اپنے شوہر کے ساتھ امریکی ریاست میچیگن میں مقیم ہیں اور اکثر و بیشتر اپنے پراجیکٹس کی شوٹنگ کے لیے پاکستان آتی رہتی ہیں۔