شازیہ نذیر کی رپورٹ
مراکشی نژاد کینڈین اداکارہ، رقاصہ اور ماڈل نورا فتیحی کی نئی بولی وڈ فلم بھوج دی پرائیڈ آف انڈیا کا گیت ‘ظالمہ کوکا کولا پلادے’ آج کل بولی وڈ مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
مگر پاکستانیوں کی جانب سے اس گیت کو ملنے والی خصوصی توجہ کا باعث اس کے بول اور دھن ہیں۔
واضح رہے کہ یہ گیت سب پہلے 1986 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی پنجابی فلم چن تے سورما میں ملکہ ترنم نور جہاں کی آواز میں سنا گیا تھا جسے خواجہ پرویز لکھا تھا اور تافو نے موسیقی دی تھی۔
بعدازاں 2016 میں میشا شفیع اور عمیر جسوال نے کوک سٹوڈیو (پاکستان) کے لیے اس گیت کا ری میک گایا تھا۔
جہاں کچھ پاکستانیوں کی جانب سے بولی وڈ پر ایک بار پھر پاکستانی گیت چرانے کا الزام لگایا جا رہا ہے وہیں چند نے اس نئے ری میک کو پسند کیا ہے۔
ایک انٹرنیٹ صارف نے مطالبہ کیا کہ گیت جاری کرنے والی ٹی سیریز میوزک کمپنی کو کم از کم حقیقی گلوکارہ اور موسیقار کو کریڈٹ دینا چاہیے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ایک طرف بولی وڈ پاکستانی اداکاروں پر پابندی لگاتا ہے دوسری طرف پاکستانی گیتوں کا ری میک بناتا ہے، یہ تو منافقت کی انتہا ہے۔ کچھ لوگوں نے اس ری میک کو اصل گیت کے ذرا برابر بھی مقابل قرار نہیں دیا۔ ان کے مطابق ملکہ ترنم کی آواز کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔
اس گیت کے بولی وڈ ری میک کو معروف بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال نے گایا ہے۔