محسن عباس کی رپورٹ
کینیڈا کی شہریت کے حلف نامے میں ترمیم کے ذریعے قدیم مقامی افراد کے حقوق کو تسلیم کیا گیا ہے اورنئے شہریوں نے نیا حلف لینا شروع کردیا ہے مگر انہیں شہریت سے متعلق پرانی گائیڈ ہی فراہم کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ ٹرتھ اینڈ ری کنسی لئیشن کمیشن کی جانب سے گائیڈ پر بھی نظرثانی تجویز کی تھی۔
بل سی 8 کے تحت شہریت کے قانون میں حلف کے الفاظ میں ترمیم کی گئی ہے۔ شاہی منظوری کے بعد 21 جون کو یہ بل قانون بن گیا تھا۔
اگلے روز 31 نئے کینیڈین باشندوں نے کینیڈا کی پہلی میٹی نسل کی سٹیزن شپ جج سوزین کیریئر کے زیر صدارت منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں ترمیم شدہ حلف اٹھایا۔
جج کا کہنا تھا کہ چند لوگوں نے تقریب کے بعد اس خیال کا اظہار کیا کہ نئے حلف کو اٹھانے کا تجربہ بہت ہی معنی خیز ثابت ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ حلف میں تبدیلیوں کا معاملہ ایک عرصے سے التوا میں تھا۔ واضح رہے کہ ٹی آر سی کی جانب سے حتمی رپورٹ 6 برس قبل جاری کی گئی تھی۔
:ٹی آر سی نے 94ویں کال ٹو ایکشن میں حکومت کو یہ تجویز پیش کی تھی کہ وہ مذکورہ ذیل عہد کے الفاظ میں ترمیم کرے
میں قسم (یا توثیق) کرتا ہوں کہ میں ملکہ معظمہ الزبتھ، ملکہ کینیڈا، ان کے وارثوں اور جانشینوں سے وفادار اور تعابعدار رہوں گا، اور یہ کہ میں کینیڈا کے قوانین بشمول قدیم مقامی لوگوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر پوری ایمانداری سے عمل کروں گا اور بطور کینیڈین شہری اپنے فرائض پورے کروں گا۔
:نئے عہد کی زبان میں تھوڑی سی تبدیلی کی گئی ہے جسے اب اس طرح پڑھا جائے گا
میں مخلصانہ طور پر کینیڈا کے قوانین بشمول آئین پر پوری وفاداری سے عمل پیرا رہوں گا جو کہ اولین اقوام، انوٹ اور میٹی باشندوں کے قدیمی اور معاہدے میں درج حقوق کو تسلیم اور ان کی توثیق کرتا ہے۔
وفاقی حکومت کے مطابق اولین قوموں، انوٹ اور میٹی بانشدوں کی تنظیموں ا ور لیڈران کی مشاورت کے بعد الفاظ میں رد وبدل کیا گیا ہے تاکہ کینیڈا میں قدیم مقامی باشندوں میں تنوع کو بہتر انداز میں ظاہر کیا جاسکے۔
ترمیم شدہ سٹیزن شپ گائیڈ بھی جلد جاری کی جائے گی
ٹی آر سی کی 93ویں کال ٹو ایکشن میں حکومت کو سیٹیزن شپ اسٹڈی گائیڈ میں تبدیلیوں کی تجویز پیش کی ہے تاکہ معاہدوں اور رہائشی اسکولوں سمیت قوموں کی اجتماعی تاریخ کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر انداز میں پیش کیا جاسکے۔
کینیڈین شہری بننے کی مطلوبات میں سٹیزن شپ گائیڈ میں فراہم کردہ معلومات پر مبنی سٹیزن شپ ٹیسٹ بھی دینا پڑتا ہے۔ موجودہ گائیڈ اور اس کے ٹیسٹ میں 2012 سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
کیلگری میں واقع ماؤنٹ رائل یونیورسٹی کے شعبہ انسانیات سے وابستہ رنجن دتہ نے 2019 میں ری کنسلی ایشن ان پریکٹس: اے کراس کلچرل پرسپیکٹو نامی کتاب کو مرتب کیا تھا، ان کا کہنا ہے کہ جب وہ پہلی بار کینیڈا آئے تھے تب ان کے ذہن میں یہاں کے قدیم مقامی باشندوں، ان کی ثقافتوں اور تاریخ کے بارے میں کئی غلط فہمیاں تھیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ کینیڈیائی سٹیزن شپ سسٹم میں فراہم کی جانے والی تعلیم میں کئی سارے نقائص ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جس سرزمین پر رہتے ہیں اس کے بارے میں کسی بھی قسم کی رسمی تعلیم کا وجود ہی نہیں ہے۔ شہریت کے حلف میں ترمیم اگرچہ اس ضمن میں ایک اچھا آغاز ہے لیکن یہ کافی نہیں ہے۔
الیگزینڈرکوہن وزیر برائے امیگریشن، مہاجرن اور شہریت کے دفتر کے پریس سیکریٹری ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ترمیم شدہ سٹیزن شپ گائیڈ جل ہی جاری کردی جائے گی۔
وہ مزید بتاتے ہیں کہ، ‘نئی گائیڈ جامع، متنوع اور پوری ایمانداری سے ترتیب دی جائے گی، یہ کینیڈا کے نئے باشندوں کو اس سرزمین کے ماضی اور حال کو سمجھنے اور ہمارے مشترکہ مستقبل کو شکل دینے میں اپنا کردار ادا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔’
وہ کہتے ہیں کہ، ‘ہمارا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کینیڈا کے نئے باشندے اس سرزمین کے قدیم مقامی لوگوں کے اہم کردار کو سمجھیں۔’
مقامی انوٹ باشندوں کی ترجمان ٹپریٹ کاناٹامی کہتے ہیں کہ وہ 2017 سے گائیڈ میں تبدیلی سے جڑے عمل کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ اس دوران اولین قوموں کی اسمبلی اور میٹس نیشنل کونسل سے بھی مشاورت کی گئی۔’
نئی گائیڈ میں تقریباً 10 ابواب شامل ہوں گے جن میں فرانکوفونز، سیاہ فام کینیڈیائی باشندوں، ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی اور معذوریوں کے شکار کینیڈیائی باشندوں اور ایسے دیگر کینیڈیائی شہریوں کے گروہوں پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔
تیسرے باب میں ایک حصہ معاہدوں اور انڈین ایکٹ کے بارے میں ہوگا جبکہ رہائشی اسکول کے بارے میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ معلومات فراہم کی جائیں گی مثلاً کئی طلبہ کو یہاں جسمانی اور جنسی تشدد کی تکالیف سے بھی گزرنا پڑا اور یہ کہ کئی بچوں کی موت واقع ہوئی اور انہیں بے نشان قبروں میں دفنایا گیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ شہریت سے متعلق نئی گائیڈ کو رواں سال ہی مکمل کرکے جاری کردیا جائے گا۔