کینیڈا میں نفرت انگیز حملے میں ہلاک ہونے والے مسلم خاندان کی یاد میں ویسٹرن یونیورسٹی نے طلباء کے لیے 2 اسکالرشپوں کا اعلان

کینیڈا میں نفرت انگیز حملے میں ہلاک ہونے والے مسلم خاندان کی یاد میں ویسٹرن یونیورسٹی نے طلباء کے لیے 2 اسکالرشپوں کا اعلان کیا ہے۔
اونٹاریو میں 6 جون کو پیش آنے والے واقعے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں مدیحہ سلمان اور سلمان افضال بھی شامل تھے۔
مدیحہ سلمان نے ویسٹرن یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ میں ماسٹرز کی تعلیم مکمل کی تھی اور پی ایچ ڈی تکمیل کے قریب تھی۔
مدیحہ سلمان میموریل اسکالرشپ کے نام سے قائم یہ اسکالرشپ ہر سال سول اور ماحولیاتی انجینئرنگ کے شعبے میں ماحولیاتی انجینئرنگ پر خصوصی توجہ کے حامل ماسٹرز یا پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ لینے والی طالبہ کو دی جائے گی۔
مدیحہ سلمان کی کارکردگی کے اعتراف میں یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ ایک ورچوئل تقریب میں انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی عطا کی جاچکی ہے۔
اسی یونیورسٹی نے فزیو تھیراپی کے شعبے میں مدیحہ سلمان کے شوہر سلمان افضال سے منسوب اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے جو ہیلتھ اور ری ہیبیلیٹیشن سائنسز میں ڈاکٹریٹ یا ماسٹرز پروگرام میں زیر تعلیم فل ٹائم گریجویٹ طالب علموں کو فراہم کی جائے گی۔
سلمان افضال نے 2010 میں ویسٹرن یونیورسٹی سے ماسٹرز مکمل کیا تھا اور وہ کینیڈا میں فزیوتھیراپسٹ کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔

About محسن عباس 206 Articles
محسن عباس کینیڈا میں بی بی سی اردو، ہندی اور پنجابی کے ساتھ ساتھ دیگر کئی بڑے اخبارات کیلئے لکھنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ امیگریشن ، زراعت اور تحقیقی صحافت میں بیس برس سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔